You are currently viewing پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر میں محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیشگوئی کے بعد اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں میگھا برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ میٹ آفس نے آج شمالی بلوچستان سمیت خیبرپختونخوا، فاٹا، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور کشمیر میں مزید بارش کا امکان ظاہرکیا ہے۔

دارالحکومت اسلام آباد، ڈیرہ غازی خان، پشاور اور ملک کے دیگر شہروں میں رات گئے کہیں ہلکی اور تیز بارش ہوئی، لاہور میں شام سے ہی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے تھے جو رات گئے برس گئے، شہر اور گِردونواح میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے آج شمالی بلوچستان ، خیبرپختونخوا ،پنجاب میں سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور سندھ میں بعض علاقوں کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی اکثر مقامات پر بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔