راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرِداخلہ کہتے ہیں پانامہ لیکس پر ایف آئی اے سے تحقیقات کیلئے تیار ہیں، عمران خان افسر کا نام دیں، ایف 9 پارک میں جلسے کی اجازت نہیں دی جائے گی، دشمن چاہتا ہے سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان نفاق پیدا ہو۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مجھے بھی نہیں پتا تھا کہ آف شور کمپنیاں کیا بلا ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ سابق چیف جسٹس پاکستان پانامہ پیپرز معاملے کی انکوائری کریں تاہم عمران خان سے اتفاق کرتا ہوں کہ معاملے کو عیاں ہونا چاہیے، عمران خان ایف آئی اے سے تحقیقات کرانا چاہتے ہیں تو ہم بھی تیار ہیں، عمران خان ایف آئی اے کے جس افسر کا نام دینگے اسی کو تحقیقاتی افسر مقرر کردوں گا، پانامہ پیپرز کے معاملے کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے، الزام تراشی اور دھمکیوں کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے، پانامہ لیکس کو دنگا فساد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، پانامہ لیکس میں تنقید کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کے پارٹی قائدین کے نام بھی آئے ہیں اور میرے پیش رو اس میں بھی شامل ہیں ان کا نام بھی لیا جائے حالانکہ دنیا کے کئی ممالک نے اس اسکینڈل کو نظرانداز کردیا۔
چوہدری نثار نے مزید کہا کہ عمران خان کلرسیداں میں آکر جلسہ کرلیں، ایف 9 پارک میں جلسے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پارک سیر و تفریح کے لیے ہوتے ہیں جلسے جلوسوں کے لیے نہیں اور ڈی چوک پر بھی کسی کو جلسے کی اجازت نہیں ہوگی، روز روز اسلام آباد کا رُخ کرنا مذاق بن گیا ہے، اسلام آباد کو ہر دوسرے روز یرغمال نہیں بننے دیں گے، تاجروں اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیلئے دارالحکومت سیل نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے کیونکہ دھرنے اور جلوسوں نے اسلام آباد کے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، جلسے جلوسوں کے حوالے سے کابینہ سے منظوری کے بعد سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے تاکہ جڑواں شہروں میں امن وامان کی صورتِ حال کو ہر صورت قابو رکھا جاسکے۔ چہلم کا بہانہ بناکر ایک گروہ نے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی، دین توڑ پھوڑ اور غلط کاموں کی اجازت نہیں دیتا، یہ کہاں کی انسانیت ہے کہ قوم کے پیسوں سے بنی میٹرو کو آگ لگادی جائے۔
وزیرداخلہ چوہدری نثار کہتے ہیں بھارتی ایجنٹ کی گرفتاری پر حکومت خاموش نہیں، دشمن چاہتا ہے سیاسی اور عسکری قیادت میں نفاق پیدا ہو۔