کراچی (ویب ڈیسک) مائیکروسافٹ نے ونڈوز10 کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اس آپریٹنگ سسٹم کے ذریعے صارفین کی بعض معلومات خودکار ٹریکنگ کے تحت جمع کی جاتی ہیں۔ ایک بلاگ میں کمپنی نے فہرست شائع کی ہے جس میں ونڈوز10 استعمال کرنے والوں کے حوالے سے معلومات پیش کی گئی ہیں کہ صارفین نے کتنا وقت براؤزر پر گزارا اور کتنی تصاویر کو ایپلیکشن کے ذریعے دیکھا گیا تاہم ونڈوز استعمال کرنے والے یوزرز کی بڑی تعداد نے مائیکروسافٹ کی اس خودکار ٹریکنگ کے تحت معلومات جمع کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے پرائیوسی پالیسی کیخلاف قرار دے دیا ہے۔
مائیکروسافٹ ونڈوز10 کے اجراء کے بعد سے نگرانی کرکے معلومات یکجا کررہی ہے کہ ونڈوز صارفین اسے کس طرح اپنے استعمال میں لاتے ہیں تاہم ترجمان مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنے صارفین کی ذاتی معلومات کی تحفظ کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے اور جو معلومات ہم جمع کرتے ہیں اس کے ذریعے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں اسی مناسبت سے ممکنہ تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعدادوشمار کے مطابق ونڈوز10 200ملین سے ڈیوائسز پر استعمال کی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی صارفین کے جمع کردہ ڈیٹا کے حوالے سے بیان کیا گیا کہ ونڈوز صارفین کی جانب سے تقریباً 44.5 بلین منٹس صارفین نے مائیکروسافٹ ایج براؤزر استعمال کیا گیا، ورچوئل کورٹانا مددگار کو 2.4بلین درخواستیں موصول ہوئیں اور 82 بلین تصاویر فوٹوایپلیکیشن کے ذریعے ملاحظہ کی گئیں جبکہ 4بلین گھنٹوں سے زائد وقت گیمز کھیلنے پر صرف کیا گیا۔