اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا پانچواں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سول وعسکری قیادت نے پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی “راء” سمیت غیرملکی ایجنسیوں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیراطلاعات پرویزرشید، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی آئی ایس آئی اور وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے شرکت کی۔
قومی سلامتی کمیٹی نے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں ملنے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سول وعسکری قیادت نے ملک میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کی مداخلت پر شدید تشویش کا بھی اظہار کیا۔ اس کے علاوہ انسدادِ دہشتگردی کی جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ، ملکی سلامتی اور سرحدی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔