کراچی (اسٹاف رپورٹر) شبِ معراج ملک بھر میں انتہائی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، مساجد میں خصوصی محافل کا انعقاد کیا گیا، کراچی کے مختلف علاقوں میں مقدس رات میں بھی بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا۔
شبِ معراج کی مقدس رات کی مناسبت سے مساجد کو برقی قمقموں کے ساتھ مزین کیا گیا، جبکہ دعاؤں کی خصوصی محافل میں فرزاندانِ اسلام نے ملک کی سلامتی سمیت مغفرت کی دعائیں کی۔
شہرقائد کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا، فیڈرل بی ایریا اور ملیر سمیت کئی علاقے اس نوری رات میں بھی خصوصی انتظامات کے دعوؤں کے برعکس اندھیرے میں ڈوبے رہے، جس کے باعث عبادت گزاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سندھ حکومت کی جانب سے آج کراچی سمیت صوبے بھر میں شبِ معراج کی مناسبت سے سرکاری و نجی اسکولوں میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔