اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائدِ حزبِ اختلاف خورشید شاہ نے وفاقی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کیوں لوگوں کے ذہن میں یہ بات بٹھائی جارہی ہے کہ پارلیمنٹ کچھ نہیں ہے، حکومت کو پارلیمنٹ کی طاقت کا احساس ہونا چاہئے کیوں کہ حکومت کو جب لالے پڑے تو پارلیمنٹ نے ہی بچایا، مشکل وقت میں وزیراعظم اور وزراء روز یہاں آتے تھے لیکن اب وزیراعظم اوراراکین کا نہ آنا ثابت کرتا ہے کہ ہم پارلیمنٹ کو کتنا مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ستم ظریفی اتنی بڑھ گئی ہے کہ آئین سے انحراف کیا جارہا ہے، مشترکہ مفادات کونسل آرٹیکل کا مقصد صوبوں، وفاق میں رابطے بڑھانا تھا، حکومت کو خوف ہے کہ صوبے آئیں گے اور اپنے مسائل کے حل کا کہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرامن انتقال اقتدار کا سہرا گزشتہ حکومت کے سر ہے، پیپلزپارٹی کے دور میں 67 قوانین اور موجودہ دور میں صرف 37 قوانین پاس ہوئے۔ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا ہے، یوسف رضا گیلانی کے روزانہ ایوان میں آنے پر ایک وزیر نے کہا کہ ہم اتنے فارغ نہیں ہیں۔
خورشیدشاہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاق پر برہم
- Post author:News Pakistan Staff
- Post published:06/01/2016 13:01
- Post category:اسلام آباد / پاکستان / سیاست
- Post last modified:06/01/2016 13:22
- Reading time:1 mins read