ڈی آئی خان (نیوز ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ مغرب میں یہودی لابی اب بھی بانی پی ٹی آئی کو سپورٹ کر رہی ہے، پی ٹی آئی کو سرے سے پاکستان میں ہونا ہی نہیں چاہیے تھا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نوازشریف اور ان کے خاندان کے ساتھ بھی مظالم کیے گئے، پی ٹی آئی نے لفاظی کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مغرب میں یہودی لابی اب بھی بانی پی ٹی آئی کو سپورٹ کر رہی ہے، پی ٹی آئی کو سرے سے پاکستان میں ہونا ہی نہیں چاہیے تھا، مغرب کی نوکری کرو لیکن پاکستان کے مفادات تو نہ بیچو۔
جھوٹ بولتے ہیں کہ یہ پاکستان کے لیےکھڑا ہے،یہ پاکستان کے خلاف کھڑا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ بانی تحریک انصاف کہتا تھا ووٹ بعد میں ہے قانون کی اہمیت پہلے ہے۔ اب ووٹ کی اہمیت پہلے اور قانون کی اہمیت بعد میں کیسے ہوگئی؟
پاک ایران کشیدگی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایران پاکستان پڑوسی ممالک ہیں،اب بھی وقت ہےہم کوئی منفی اقدامات نہ کریں۔