اسلام آباد (ڈیسک)متحدہ عرب امارت (یو اے ای ) سے قرض کی دوسری قسط کے ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہو گئے ۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر فراہم کیے جانے ہیں جن میں سے دو ارب ڈالر موصول ہوچکے ہیں جبکہ مزید ایک ارب ڈالر آئندہ ماہ ملنے کا امکان ہے۔
یو اے ای سے ایک ارب ڈالر ملنے کے بعد پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر 15 ارب 96 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مشیر ڈاکٹر خاقان نجیب نے متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر وصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک ارب ڈالر ملنے سے ادائیگیوں میں توازن کو مزید تقویت ملے گی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مؤثر پالیسیوں کی وجہ سے ادائیگیوں میں توازن کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس اکتوبر میں سعودی عرب کے فوری بعد متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے یو اے ای سے مالی معاونت کی درخواست کی تھی۔
21 دسمبر 2018 کو ابو ظہبی ڈویلپمنٹ فنڈ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان کیا تھا جن میں سے 2 ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہو گئے ہیں۔