You are currently viewing یوکلڈ اسپیس ٹیلی اسکوپ نے زمین پر تصاویر بھیج دیں

یوکلڈ اسپیس ٹیلی اسکوپ نے زمین پر تصاویر بھیج دیں

پیرس (نیوز ڈیسک) ڈارک یونیورس کے راز افشا کرنے کے لیے خلا میں بھیجی گئی یوکلڈ اسپیس ٹیلی اسکوپ نے اپنی اولین تصاویر زمین پر واپس بھیجی ہیں۔
ایک ارب یورو سے زائد کی لاگت سے تیار کی جانے والی یہ ٹیلی اسکوپ اپنے مشن کے دوران تاریک مادے (ڈارک میٹر) اور تاریک توانائی (ڈارک انرجی) پر توجہ مرکوز کرے گی۔
یاد رہے کہ تاریک مادہ کہکشاؤں میں موجود ایسا مادہ ہوتا ہے جو نہ روشنی منعکس کرتا ہے نہ کسی اور قسم کی توانائی، اس کی موجودگی کا احساس کشش ثقل کے اثرات سے ہوتا ہے۔
تاریک مادہ انسانوں کے لیے نادیدہ ہے مگر خیال کیا جاتا ہے کہ کائنات کا 85 فیصد مادہ اس پر مشتمل ہے۔
یورپین اسپیس ایجنسی کی اس اسپیس ٹیلی اسکوپ کی اولین تصاویر میں Perseus نامی کہکشاؤں کے جھرمٹ اور ہارس ہیڈ نیوبلا کو دکھایا گیا ہے۔
درحقیقت ایک تصویر میں ہی ایک لاکھ کہکشائیں موجود ہیں، جس سے ٹیلی اسکوپ کی خلا میں وسیع منظر کے مشاہدے کی صلاحیت ثابت ہوتی ہے۔

سائنسدان اس ٹیلی اسکوپ کی مدد سے اب تک کے سب سے بڑا 3 ڈی کائناتی نقشہ تیار کرنے کے خواہشمند ہیں۔
اس نقشے سے ماہرین کو تاریک مادے کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی اور یہ معلوم ہوگا کہ کائنات کی ابتدا میں تاریک توانائی نے کس حد تک اثرات مرتب کیے۔
یورپین اسپیس ایجنسی کی ڈائریکٹر پروفیسر کیرول مینڈول نے بتایا کہ جولائی 2023 میں بھیجا گیا مشن کائنات کے بارے میں ہماری معلومات میں اضافہ کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہم ابھی تک بس یہ جان سکے ہیں کہ کائنات کا 5 فیصد حصہ کیسے کام کرتا ہے اور ابھی 95 فیصد کے بارے میں ہمیں کچھ معلوم نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے 6 سال تک یہ ٹیلی اسکوپ 8 ارب کہکشاؤں کا مشاہدہ کرے گی اور ان کی تصاویر اور دیگر تفصیلات زمین پر منتقل کرے گی۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7