اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی جانب سے مشترکہ پریڈ کا اہتمام کیا گیا ۔
یوم پاکستان پریڈ میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔
پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ پاکستان ائیر فورس کے جدید ترین طیاروں نےفلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور فوجی دستوں نے سلامی پیش کی۔
یوم پاکستان پریڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن عبدالعزیز بھی مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ دیکھنے کے لیے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں موجود رہے۔
دریں اثناء لاہور میں مزار اقبال پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل طارق محمود تھے۔
مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل طارق محمود نے مزار اقبال پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی بھی کی، پاک فضائیہ کے خصوصی دستے نے مزار اقبال پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔