اسلام آباد(ڈیسک)ہنگری کے وزیر برائے خارجہ امور و تجارت مسٹر پیٹر سجارتو اعلی سطحی تجارتی وفد کے ہمراہ جمعہ کو اسلام آباد پہنچ گئے۔
وزارت خارجہ آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔ہنگری کے وزیر خارجہ نے وزارتِ خارجہ کے سبزہ زار میں یادگاری پودا لگایا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر خارجہ پیٹر سجارتو وزارت خارجہ میں منعقدہ ،کاروباری کمپنیوں کے “اقتصادی سفارت کاری اجلاس” میں شرکت کریں گے۔دونوں وزرائے خارجہ “پاکستان ہنگری اقتصادی سفارتکاری” کی تقریب سے مشترکہ طو ر پر خطاب کریں گے۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ون آن ون ملاقات بھی ہو گی۔اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گادونوں وزرائے خارجہ کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہونگے ۔وزارتِ خارجہ میں پاکستانی اور ہنگری کی کمپنیوں کے مابین مختلف شعبہ جات میں معاہدوں پر دستخط ہونگے۔ہنگری اور پاکستان کے مابین تعلیم کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سجارتو ،وزیر اعظم سمیت اہم قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔