کرائسٹ چرچ(ڈیسک)قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ کپتان کی حیثیت سے تمام زمہ داری قبول کرتا ہوں، مجھے جس طرح وکٹ کیپنگ میں پرفارم کرنا چاہیے تھا ویسا نہیں کر سکا۔
نیوزی لینڈ سے عبرتناک شکست کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے محمد رضوان نے تمام ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے میچ میں اچھی فیلڈنگ نہیں کی، ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 20 وکٹیں درکار ہوتی ہیں اور یہاں فیلڈنگ کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، ہم نے تینوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا، یہ سیریز ہمارے لیے بہت بڑا سبق تھا، ہمیں تینوں شعبوں خاص طور پر فیلڈنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ میں بھی ہماری پرفارمنس مستقل نہیں،ہ مارے بیٹسمین باصلاحیت ہیں، آئندہ سیریز میں ان سے بہتر کارکردگی کی امید ہے، اس ٹیسٹ میچ میں بولرز نے ہمارے لیے کئی مواقع پیدا کیے،ان کے جارحانہ انداز میں کمی نہیں ہے مگر کیچز چھوٹنے سے ان کا مورال گرا، ہم میچ کے اختتام میں ریلیکس ہوئے جس کا خمیازہ بھگتا۔
کپتان نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اتنی انرجی ہونی چاہیے کہ پہلے سیشن کی طرح تیسرے سیشن میں بھی اچھی بولنگ کرسکیں، کین ولیمسن ورلڈ نمبر ون بیٹسمین ہیں، انہوں نے ہمیں مواقع دئیے لیکن ہم نے فائدہ نہیں اٹھایا، دونوں ٹیموں کے درمیان سب سے بڑا فرق کائل جیمیسن رہے، دراز قد کی وجہ سے انہیں بہت مدد ملی۔