You are currently viewing ہم محفوظ پاکستان کے لیے مضبوط فوج کے قائل ہیں، مولانا فضل الرحمان

ہم محفوظ پاکستان کے لیے مضبوط فوج کے قائل ہیں، مولانا فضل الرحمان

ویکفیلڈ (نیوز ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے ہم محفوظ پاکستان کے لیے مضبوط فوج کے قائل ہیں۔
برطانیہ کے شہر ویکفیلڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا اسلامی نظام کے نفاذ اور سودی نظام کے خاتمے کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان کی بقاء اسلامی نظام میں ہے، پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور معیشت کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا 26 ویں آئینی ترمیم میں سودی نظام کے خاتمے کو آئین کا حصہ بنایا گیا ہے، 2028 سے تمام محکموں کو سود سے پاک کردیا جائے گا۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا پاکستان کے امن کے لیے ہمیں متحد ہونا ہو گا، انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترمیم کرنا 26 ویں آئینی ترمیم اور جمہوریت کی توہین ہے، کسی کو شک کی بنیاد پر90 روز تحویل میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا تھا ہم محفوظ پاکستان کے لیے مضبوط فوج کے قائل ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے 2010 سے فوج کو بے شمار اختیارات دیے گئے مگر دہشت گردی ختم نہ ہوئی۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کشمیریوں کو اپنی آزادی کی جنگ خود لڑنا ہوگی۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7