لاہور (ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے جلسہ ناکام کرنے کے لیے ہمارے 1600 کارکن گرفتار کر لیے، ہم پر یوں ظلم کیا جا رہا ہے جیسے یہ پاکستان نہیں کشمیر یا فلسطین ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت سے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میری عوام سے درخواست ہے کہ مینار پاکستان جلسہ میں شریک ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ یہ اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ آج ہو گا، تحریک انصاف کو کچلنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے، پورا لاہور بند کر دیا گیا، ہر سڑک پر کنٹینر لگا دیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پاکستانیوں کی آزادی کو کچلا جا رہا ہے، قوم کو غلام بنا دیا گیا ہے، دس کلو آٹے کے حصول کے لیے لوگ اپنی جانیں دائو پر لگا رہے ہیں۔
سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے جس میں قربانیاں دینا ہوں گی، میں خود بھی اس کے لیے تیار ہوں اور لوگوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ پیچھے مت ہٹیں، خوف کی زنجیروں کو توڑ پھینکیں۔
ہمیں مہنگائی ، غربت اور غلامی کی دلدل میں پھنسنا دیا گیا، آج بتائوں گا کہ اس دلدل سے کیسے نکلنا ہے۔