راولپنڈی (نیوزڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی کے طلبا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ کرنے والے گروپ میں 38 طلبا شامل تھے جن کا تعلق 9 ممالک سے تھا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے علاقائی صورتحال اور خطے میں امن کے لیے پاک فوج کے کردار پر روشنی ڈالی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
آرمی چیف نے طلباء سے کہا کہ وہ پاکستان میں قیام کے دوران اپنے تجربات کی بنیاد پر پاکستان کا حقیقی مشاہدہ کریں۔
آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور آبادیاتی حقائق تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق طلباء نے بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر آرمی چیف کی تعریف کی۔