اسلام آباد (ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ تحریک انصاف کی انتظامیہ کے خلاف دھرنے کے لیے این او سی نہ دینے کی درخواست واپس لیے جانے پر نمٹا دی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ دھرنے کے لیے انتظامیہ سے این او سی لینے سے متعلق درخواست پی ٹی آئی کے علی نواز نے دائر کی تھی۔
اس سے قبل ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو جگہ اور مقام کے تعین کے ساتھ نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایات دی تھیں، عدالت نے کہا تھا کہ دھرنے کا مقام اور وقت کا تعین عدالت کا کام نہیں ، اس کے لیے آپ خود فیصلہ کر کے نئی درخواست دیں۔ جسٹس عامر فاروق نے اسی سماعت میں تاجروں کی جانب سے دھرنے کے خلاف دائر درخواست بھی یکجا کر دی، چیف جسٹس نے دونوں درخواستوں کو سامنے رکھ کر سماعت کی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کنٹینر لگا کر شہروں کو بند کرنا کوئی حل نہیں، اس کے لیے کوئی اور جدید طریقہ اپنایا جائے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ اس حوالے سے موجود ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر پنڈی میں کچھ رونما ہوتا ہے تو اس سے اسلام آباد کے شہری بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ عدالت عالیہ نے پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست واپس لیے جانے پر نمٹا دی۔