لاہور (ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے لاہور شہر میں گیس کی قلت کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کرمسترد کردی ۔
عدالت نے قرار دیا کہ ایسا کوئی حکم جاری نہیں کرسکتاجس پر عملدرآمدنہ ہوسکے ،گیس کی قلت ضرور ہے لیکن اس کا مقصد یہ نہیں کہ حکومتی مشینری کام نہیں کررہی۔جسٹس رسال حسن سید نے سردار فرحت منظور خان چانڈیو ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کی جانب سے ملک غلام اختر اور محمد شبیر حسین ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے درخواست گذار کے وکیل سے استفسار کیا کہ بتائیں کہ آپ نے آئین کے آرٹیکل199 کے تحت کس طرح یہ درخواست دائر کی،گیس کی قلت کا کون ذمہ دار ہے،پہلے ٹھوس انفارمیشن اکٹھی کریں ۔درخواست میں وفاقی حکومت،سیکرٹری وزارت انرجی اینڈ پٹرولیم ڈویژن، اوگرا اور سوئی نادرن گیس کمپنی کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں گیس کی قلت پیدا ہو چکی ہے، استدعا ہے کہ عدالت حکومت اور اوگرا سمیت دیگر اداروں کو گیس کی قلت دور کرنے کا حکم دے۔عدالت نے باور کرایا کہ گیس کچھ حد تک تو آرہی اس کا یہ مطلب نہیں کہ حکومتی مشینری کام نہیں کررہی۔ عدالت نے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔