You are currently viewing گورنرپنجاب کی وزیراعلی کے انتخاب سے متعلق رپورٹ صدر کو موصول

گورنرپنجاب کی وزیراعلی کے انتخاب سے متعلق رپورٹ صدر کو موصول

اسلام آباد(ڈیسک ) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے رپورٹ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کر دی ہے جو کہ ایوان صدر کو موصول ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ووٹنگ کا ریکارڈ ٹیمپرڈ ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخابی عمل میں کئی آئینی خلاف ورزیاں پائی گئی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کا انتخاب آئین اور قانون کے مطابق نہیں ہوا، پولیس کو خلاف قانون ایوان میں داخل کیا گیا، ارکان اسمبلی کوووٹ دینے سے روکا گیا، ووٹنگ آئین کے سیکینڈ شیڈول کے منافی طریقہ کار اختیار کرکے کروائی گئی، ووٹنگ میں سیکنڈ شیڈو ل کو نظر انداز کیا گیا، رولز 21 رولز آف بزنس کے مطابق اسپیکر نے نتائج سے آگاہ کرنا ہوتا ہے، گورنر کا وزیراعلی کے انتخابی عمل سے مطمئن ہونا ضروری ہوتا ہے۔ رپورٹ میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفی متنازع ہے، اس میں بھی آئین کے آرٹیکل 130 سب سیکشن 8 کی خلاف ورزی کی گئی ہے، گورنر آفس کو وزیر اعلی پنجاب کا استعفی موصول نہیں ہوا، جب گورنر کو استعفی موصول ہی نہیں ہوا تو اس کو منظور کیسے کیا جا سکتا ہے۔رپورٹ میں گورنر پنجاب نے سفارشات پیش کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ وزیراعلی کا الیکشن کالعدم قرار دیا جائے، میری رہنمائی کی جائےکہ ایسی صورتحال میں مجھے کیا کرنا چاہیے۔