اسلام آباد(ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گذشتہ روز پشاور میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث تینوں ملزمان کی شناخت ہوچکی ہے۔
ہفتہ کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ گذشتہ روز پشاور کی مسجد میں رونما ہونے والے خونی واقعہ میں 57 افراد شہید جبکہ 100 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ادارے اور خیبرپختونخوا کی پولیس واقعہ میں ملوث تینوں کرداروں کی شناخت کرچکی ہے اور ان کی تہہ تک پہنچ چکے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ تحقیقاتی اور تفتیشی ادارے اور خیبرپختونخوا کی پولیس نے اس حوالے سے بہترین کام کیا ہے اور آئندہ ایک دو روز تک پولیس ملزموں تک پہنچ جائے گی، ان کی شناخت ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل ایک اور سوال کیا جارہا ہے کہ وزارت داخلہ میں نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کیلئے درخواست موصول ہوئی ہے اس پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزار ت داخلہ میں اس طرح کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کا بہت شور مچایا جارہا ہے تاہم قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی بھی ریکوزیشن ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کی ریکوزیشن موصول ہونے کے 14 دن کے اندرسپیکر نے اجلاس طلب کرنا ہوتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اجلاس کی ریکوزیشن اورعدم اعتماد دو علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک پیش ہونے کے بعد دو تین دن سپیکر کے پاس ہوتے ہیں اور اس کے بعد چھ سات دن اجلاس کے دوران اراکین پارلیمان اظہار خیال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام میں غلط فہمیاں پیدا نہ کرے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک سیلابوں یا زلزلوں اور قدرتی آفات سے تباہ نہیں ہوتے بلکہ ملک افواہوں اور تخریب کی باتوں سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں اور ان کو نقصان پہنچتا ہے۔ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ عدم اعتماد کم وبیش ایک ماہ کا پروسیجر ہے، ایک ماہ نہ سہی تو چوبیس یا چھبیس دن اس پراسس کو مکمل کرنے کیلئے درکار ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے حکم سے وزیراعظم عمران خان اپنی مدت پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اس سے قبل بھی اسمبلی میں شکست ہوئی تھی اور اب بھی انشااللہ اپوزیشن کو اسمبلی میں شکست ہوگی اور پاکستان آگے بڑھ رہا ہے لیکن ہماری بد نصیبی ہے کہ بعض لوگ خلفشار او ر انتشار کو ہوا دے کر ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوں نے پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز کے حوالے سے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلا ٹیسٹ میچ جاری ہے اور اس حوالے سے سکیورٹی کے بھرپور انتظاما ت کو یقینی بنایا گیا ہے۔