رحیم یار خان (نیوز ڈیسک) گھوٹکی اور رحیم یارخان میں کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف سندھ اور پنجاب پولیس نے مشترکہ آپریشن کی تیاریاں شروع کردیں۔
کچے کے علاقے ماچھکہ کے دریا میں چڑھتا پانی اور گنے کی فصل کے باعث پولیس کو آپریشن میں مشکلات کا سامنا تھا تاہم اب سندھ اور پنجاب پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف مشترکہ آپریشن کے لیے سر جوڑ لیے ہیں۔
ڈی پی او رحیم یار خان رضوان گوندل کا کہنا ہے کہ کچے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، کچا 176 کلو میٹر کا علاقہ ہے، بڑے علاقے میں ٹارگٹیڈ آپریشن ہی ہوتا ہے، کوشش ہے پولیس کا نقصان نہ ہو، آپریشن کی تیاریاں جاری ہیں ،ڈرون سے مانیٹر کر رہے ہیں، سہولت کار گرفتار ہیں۔
ادھر حکومت اور شہریوں کے لیے درد سر بننے والے کچے کے ڈاکوؤں کے خاتمے کے لیے گھوٹکی پولیس بھی پرعزم ہے۔
ایس ایس پی گھوٹکی حفیظ الرحمٰن بگٹی کاکہنا ہے کہ سندھ اور پنجاب دونوں جگہ ڈاکوؤں کے گینگ موجود ہیں، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
یاد رہے کہ پنجاب کے سرحدی علاقے کے رکن صوبائی اسمبلی ممتاز چانگ نے پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکو راج اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافے اور ملی بھگت کا الزام عائد کیا تھا۔