برازیلیا(ڈیسک)کوپا امریکا فٹ بال چیمپئن شپ میں اتوار کو مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا۔
ساﺅتھ امریکا فٹ بال کنفیڈریشن کے زیر اہتمام کوپا امریکا کے 47 ویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلے برازیل میں جاری ہیں۔ اتوار کو گروپ بی کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن برازیل اور ایکواڈور کی ٹیمیں ایسٹیڈیو اولمپیکو پیڈرو لڈوِکو ، گوئینیا میں مدمقابل ہوں گی، دفاعی چیمپئن برازیل پہلے تینوں گروپ میچز جیت کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکا ہے جبکہ ایکواڈور کی ٹیم تاحال کوئی میچ نہیں جیت سکی۔ اسی گروپ کا دوسرا میچ وینزویلا اور پیرو کی ٹیموں کے درمیان ایسٹیڈیو نیسیونل مین گیریینچا ، برازیلیا میں کھیلا جائے گا۔ پیرو کی ٹیم ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ وینزویلا کی ٹیم 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم چار چار گروپ میچ کھیلے گی اور ٹاپ آٹھ ٹیمیں ناک آﺅٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 10 جولائی کو کھیلا جائے گا۔