کندھ کوٹ (نیوز ڈیسک) ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے گھوڑہ گھاٹ کے گھر میں راکٹ کا گولہ پھٹنے سے 5 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ راکٹ کا گولہ بچوں کو زرعی زمین سے ملا تھا۔
ایس ایس پی روحل کھوسو نے بتایا ہے کہ تفتیش کے مطابق بچے راکٹ کا گولہ گھر لے آئے تھے جو دھماکے سے پھٹ گیا۔
روحل کھوسو کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
دریں اثناء نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کندھ کوٹ میں راکٹ پھٹنے پر آئی جی سندھ سے رپوٹ طلب کر لی۔
جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کا کہنا ہے کہ راکٹ لانچر زنگی سبزوئی گوٹھ کیسے پہنچا، کوئی اسلحے کی کھیپ کچے میں اسمگل ہو رہی تھی؟
نگراں وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس سے سوال کیا ہے کہ کیا گوٹھ میں ڈکیتوں کے سہولت کار موجود ہیں؟ راکٹ کیسے بلاسٹ ہوا؟ تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
مزید برآں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کندھ کوٹ میں راکٹ پھٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور کمشنر لاڑکانہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق کامران ٹیسوری نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا۔