You are currently viewing کسی ملک کو ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، شاہ محمود

کسی ملک کو ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، شاہ محمود

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے میں نہیں سمجھتا کہ کسی ملک کو ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت کرنی چاہیے۔

انھوں نے کہا فیصلے ہمارے آئین، قانون اور عوامی امنگوں کے مطابق ہونے چاہئیں، پاکستانی قوم نہیں چاہتی کہ ہمارے معاملات میں کسی قسم کی بیرونی مداخلت ہو، نیشنل سیکورٹی کمیٹی کی ہدایت پر ہم نے دفتر خارجہ میں سفارت کار کو بلا کر احتجاج کیا اور واشنگٹن میں بھی اپنے سفیر کے ذریعے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ملک ہیجانی کیفیت سے دوچار ہے، اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا لاہور کے اواری ہوٹل میں ایم پی پیز کو بند کر کے رکھا گیا ہے، اگر وہ آپ کو ووٹ دینا چاہتے ہیں تو آپ کو ان پر اعتماد ہونا چاہیے کچھ ایم پی ایز باہر جانا چاہ رہے تھے لیکن انہیں نہیں جانے دیا گیا، یہ حبس بے جا نہیں تو کیا ہے؟ آئین کا ڈھنڈورا پیٹنے والے بتائیں کہ آئین میں کہاں درج ہے کہ لوگوں کے ضمیر خریدے جائیں، کیا پیسے کے بل بوتے پر وفاداریاں تبدیل کروانا، آئینی قدم ہے؟