You are currently viewing کراچی میں بارش کے بعد سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرنے لگیں

کراچی میں بارش کے بعد سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرنے لگیں

کراچی (رپورٹ جنید جاوید) کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں کے بعد ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم سڑکوں پر پانی کھڑا ہوجانے سے مختلف علاقے جھیل کا منظر پیش کرنے لگے.

گلشن حدید، بن قاسم ٹاؤن، بحریہ ٹاؤن،نارتھ کراچی، نیوکراچی، ناظم آباد، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، اورنگی ٹاؤن، جمشید روڈ، لیاقت آباد، گرومندر، کارساز، صدر، رامسوامی، گارڈن، کلفٹن، ڈیفنس سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں پیر کی دوپہر اچانک گرد آلود ہواؤں کے بعد تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، بارش کے دوران جوبلی نالہ اور صدر کا نالہ بیک مارگیا جس کے سبب ایم اے جناح روڈ پر تبت سینٹر ، ریڈیو پاکستان کے قریب اور پاسپورٹ آفس کے اطراف کی سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرنے لگیں، شہر کی مختلف سڑکوں پر گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہوجانے کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا. بیشتر علاقوں میں بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی بجلی غائب ہوگئی، جھیل کامنظر پیش کرتی سڑکوں پر پھنسے شہریوں نے صوبائی حکومت کی نااہلی کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ بارش ہوتی ہے توپانی آتا ہے اور جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو سائیں سرکار کی کارکردگی کا پول کھل جاتا ہے. دریں اثناء چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ تیز بار ش ہوا کاایک شدید کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں وسطی بھارت اور ایک کمزور سرکولیشن بھارتی گجرات میں مو جود ہے، سسٹم کا پھیلاؤ مشرقی سندھ تک آرہا ہے،سسٹم کے زیراثر جنوب مشرقی سندھ میں 14 یا 15 ستمبر تک ہلکی سے معتدل اور چند مقامات پر تیز بارش ہوسکتی ہے، انھوں نے مزید بتایا کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، میرپورخاص، لسبیلہ، خضدار اور بارکھان میں بھی آج اور کل ہلکی بارش ہوسکتی ہے، مغربی ڈسٹربنس کے باعث سسٹم کے اثرات زیادہ تر بھارت تک محدود رہیں گے.