کراچی(ڈیسک)ڈی جی رینجرز (سندھ)میجر جنرل افتخار حسن چو ہدری کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس میں کراچی شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم خصوصا ڈکیتی اور منشیات فروشی کے سدِباب کے لیے رینجرز، پولیس اور دیگرلا انفورسمنٹ ایجنسیز کی جانب سے مشترکہ لائحہ عمل منظور کر لیا گیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز(سندھ) میں شہر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ،جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جیز(ایسٹ، ساؤتھ، ویسٹ،اسپیشل برانچ، سی آئی اے اور ٹریفک)، پولیس، رینجرزاور حساس اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا از سرِ نو جائزہ لیا گیا اور کراچی شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم خصوصا ڈکیتی اور منشیات فروشی کے سدِباب کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر زور دیاگیا اور رینجرز، پولیس اور دیگرلا انفورسمنٹ ایجنسیز کی جانب سے مشترکہ لائحہ عمل منظور کیا گیا۔ اعلامیہ میں عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر،مشکوک سر گرمی اور نا خو ش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار،رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔