لندن(ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان افتتاحی میچ 2،2 گول سے برابر ہو گیا۔
میچ برمنگھم ہاکی کلب میں کھیلا گیا ، جنوبی افریقہ کے بیوچر نے میچ کے پہلے کوارٹر میں شارٹ کارنر کے ذریعے ایک گول کیا، جس کے جواب میں پاکستان کے رضوان علی نے بھی شارٹ کارنر کے ذریعے گول کر دیا اور میچ برابر کر دیا۔ چھوتھے کوارٹر میں جنوبی افریقہ نے ایک اور گول کر دیا جس سے اس کا پلڑا بھاری ہو گیا۔ کھیل کے آخری لمحات میں پاکستان کی جانب سے افراز نے گول کر دیا جس سے پاکستان ایک یقینی شکست سے دوچار ہوتے ہوتے بچ گیا اور میچ 2،2 گول سے برابر ہو گیا۔ مینز ہاکی ایونٹ میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان کو پول اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور اسکاٹ لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں گی۔ پاکستان کا اگلا میچ 31 جولائی کو نیوزی لینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف میچز بالترتیب 3 اور 4 اگست کھیلے جائیں گے۔