اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی عالمگیر مسئلہ ہے لیکن پاکستان سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، پاکستان میں ہونے والے حملوں میں کالعدم ٹی ٹی پی ملوث ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی سے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی۔
اعلیٰ سطح کے وفد میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ، فدی ایل اور افغانستان میں اقوام متحدہ مشن کے سربراہ مالک سیسے بھی شامل تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پر اقوام متحدہ کے وفد کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات کے دوران اقوامِ متحدہ کے نمائندہ خصوصی نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی پُر زور مذمت کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز، پولیس، شہریوں کی قربانیوں کی نظیر نہیں ملتی۔
وزیر داخلہ نے وفد کو آگاہ کیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان میں حملوں کے لیے افغانستان کی سر زمین استعمال کر رہی ہے جسے ہر صورت روکنا ہوگا۔