اسلام آباد (ڈیسک) خوراک کے شبعہ میں کام کر نیوالی عالمی کمپنی کارگیل نے پاکستان میں اگلے 3سے 5سال میں مزید 200 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان عالمی سرمایہ کاری کمپنی کارگیل کی گلوبل ایگزیکٹو ٹیم کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان اوردیگر سینئر حکومتی حکام کیساتھ ملک میں مستقبل کی سرمایہ کاری کے منصوبوں پراظہارخیال کرتے ہوئے کیا ۔ گذشتہ روز جاری اعلامیہ کے مطابق کارگیل کی گلوبل ایگزیکٹو ٹیم کی قیادت کارگیل ایشیاء پیسفک ریجن کے ہیڈگلوبل اسٹرٹیجی اور چیئرمین مارکل اسمٹس،کارگیل ایگریکلچر سپلائی چین کے پریذیڈنٹ جرٹ جان وان ڈن ایکرکررہے تھے۔ عالمی سطح پر خوراک، ایگریکلچر کی پیداواراورایشیاء میں خصوصی توجہ کیساتھ کارگیل ملک میںعالمی سطح کی مہارت اور سرمایہ کاری لاکر پاکستان کی ترقی میںشراکت دار بننے کا عزم رکھتی ہے۔
کمپنی کی حکمت عملی میں زرعی تجارت اورسپلائی چین میں وسعت، کھانے کے تیل،ڈیری،گوشت اورجانوروںکی خوراک اوراس کیساتھ سیفٹی اور خوراک کی نشاندہی کو یقینی بنانا شامل ہے۔ اے پی پی کے مطابق وفد نے وزیراعظم عمران خان کو بتایاکہ کارگیل پاکستان میں 2012ء میں بھی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی تھی لیکن سابقہ حکومتوں کے دور میں یکساں مواقع نہ ہونے، کرپشن اور بدانتظامی کے باعث کمپنی کی حوصلہ شکنی ہوئی تاہم پاکستان میں موجودہ حکومت کے اقتدارمیں آنے کے بعداسکی پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ کارگیل پاکستان کے کنٹری ہیڈ عمران نصر اللہ نے کہا، پاکستان میں30سال سے زائدعرصہ سے موجودگی کیساتھ کارگیل یہاںاپنے کاروباراورکمیونٹیز میںسرمایہ کاری کے ذریعے ملک کے بہترمستقبل کیلئے اپنے عزم کا اظہارکرتا ہے۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان سے قبائلی علاقوں (سابقہ فاٹا)سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔