اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروبار کے لیے 22 فیصد شرح سود تباہ کن ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا فارما انڈسٹری کا برآمدات کے فروغ اور ملکی ترقی میں اہم کردار ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا ہمیں زندگی بچانے والی ادویات سے متعلق لائحہ عمل وضع کرنا چاہیے، جانتا ہوں پیداواری لاگت بڑھ چکی ہے، ہم نے غریب کی قوت خرید کو بھی دیکھنا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا ہمیں مشکلات اور چیلنجز کو مل کرحل کرنا ہے، وقت آئے گا پالیسی ریٹ کم ہوں گے، اس وقت شرح سود 22 فیصد ہے جو کاروبارکے لیے تباہ کن ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج رات آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ ہے، ان شاء اللہ پاکستان کا پروگرام منظور ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کی منظوری کے لیے آج آئی ایم ایف کے ڈائریکٹرز کی بورڈ میٹنگ ہو گی جس میں پاکستان کے لیے قرضوں کی ادائیگی کی حتمی منظوری دی جائے گی ۔