اسلام آباد(ڈیسک) کارفنانسنگ کے تحت بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران 41 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مئی 2020-21 کے دوران کارفنانسنگ کی مد میں قرضوں کا اجرا279.5 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2019-20 کے اختتام پر قرضوں کی فراہمی کا حجم 211.11 ارب روپی رہا تھا۔ اس طرح مالی سال 2020 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2021 کے پہلے گیارہ مہینوں کے دوران گاڑیوں (کاروں) کی خریداری کے لئے بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی 86.5 ارب روپے یعنی 41 فیصد اصافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کاروں کی خریداری کے لئے اسلامک بینکوں کی طرف سے قرضوں کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مجموعی قرضہ جات میں اسلامی بینکاری کے شعبہ کے فراہم کردہ قرضوں کی شرح 60 فیصد تک بڑھی ہے۔ عارف حبیب لمیٹڈ کے شعبہ ریسرچ کے سربراہ طاہر عباس نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ کووڈ۔19 سے متاثر معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کے فیصلہ سے مقامی معیشت میں نمایاں بہتری ہوئی ہے جس کی وجہ سے قرضوں کے اجرا میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں زرعی معیشت کی ترقی سے کارفنانسنگ کی شرح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔