نیویارک (نیوز ڈیسک) امریکا کی بیشتر ریاستوں میں شدید سردی کے سبب نظام زندگی متاثر ہوگیا جبکہ مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف ہوائی اڈوں سے داخلی اور بیرون ممالک تقریباً 10 ہزار پروازیں منسوخ یا التوا کا شکار ہوچکی ہیں۔
گذشتہ تین روز میں منسوخ یا التوا کا شکار پروازوں کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
امریکا کی بعض ریاستوں میں درجہ حرارت معمول سے 20 سے 40 ڈگری کم ہوگیا جس کے سبب امریکا کے 80 فیصد شہری نقطہ انجماد سے نیچے درجہ حرارت برداشت کررہے ہیں۔
تیز ہواؤں اور برفباری کا سامنا کرنے والی ریاست اوریگن میں 4 اموات ہوئی ہیں جہاں 90 ہزار شہری بجلی سے بھی محروم ہیں۔
ریاست یوٹاہ میں میں 4 فٹ تک برف پڑچکی ہےجہاں ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوا، علاوہ ازیں ریاست واؤمنگ میں برف کا تودہ گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا۔
ریاست مونٹانا میں سرد ہواؤں کے سبب درجہ حرارت منفی 40 تک گرگیا جبکہ ریاست فلوریڈا کے بعض حصوں میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔