You are currently viewing ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ امریکا کے صدر منتخب، کملا ہیرس نے شکست تسلیم کرلی

ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ امریکا کے صدر منتخب، کملا ہیرس نے شکست تسلیم کرلی

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) صدارتی انتخابات کے لیے امریکا کی تمام 50 ریاستوں میں ہونے والی پولنگ کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی حاصل کرلی۔
امریکی صدارتی انتخاب میں538 میں سے اب تک ڈونلڈ ٹرمپ نے 292 اور کملا ہیرس نے 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔
امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 7 کروڑ 18 لاکھ 62 ہزار 502 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مد مقابل امیدوار کملا ہیرس نے 6 کروڑ 69 لاکھ 92 ہزار 830 ووٹ حاصل کیے۔
اب تک کے نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان میں ری پبلکن 200 اور ڈیموکریٹس 180 نشستوں پر کامیاب ہو چکے ہیں۔
سینیٹ میں ری پبلکن نے 52 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کرلی ہے جبکہ ڈیموکریٹس نے ایوان بالا کی 43 نشستیں جیت لی ہیں۔
امریکی صدارتی الیکشن میں کامیابی کے بعد فلوریڈا کے پام بیچ پر حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا آج ہم نے تاریخ رقم کی ہے، امریکا اب نئی بلندیوں پر پہنچے گا۔
دریں اثنا ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے شکست تسلیم کرتے ہوئے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کال کی اور صدراتی الیکشن میں جیت پر مبارک باد دی۔
امریکی خبر ایجنسی کے مطابق نائب صدر کملا ہیرس نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اختیارات کی پرامن منتقلی پر بھی بات کی۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 47 ویں امریکی صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7