واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ڈاکٹر فوزیہ کی ملاقات کرادی گئی۔
ملاقات کے بعد ویڈیو بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے بتایا کہ جیل میں عافیہ صدیقی کی حالت پہلے سے زیادہ خراب محسوس ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ عافیہ کی حالت بیان کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ ملاقات کے اختتام پر بہت دکھی ہوں، عافیہ صدیقی کو ایک بار پھراسی حالت میں چھوڑ آئی ہوں۔
فوزیہ صدیقی کے وکیل نے کہا کہ دونوں بہنیں ایک دوسرے کو نہیں چھو سکیں کیونکہ ان کے درمیان شیشے کی دیوار حائل تھی۔
بہن سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی تکلیف کی وجہ سے روتی رہیں۔
ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ اپنے پاکستانی بھائیوں سے گزارش کرتی ہوں کہ عافیہ کی رہائی کے لیے کچھ کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی جیل حکام نے ملاقات کے کمرے کی چابی کھونے کا بتاتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ کی اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات نہیں کرائی تھی۔
ڈاکٹر فوزیہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکا کی ہائی سکیورٹی جیل میں قید ہیں، تاہم جیل حکام کا اس سے بھونڈا بہانا نہیں ہوسکتا کہ ہائی سکیورٹی جیل کے سیل کی چابی کھو جائے۔