گروزنی (ڈیسک) چیچنیا میں حملہ آوروں نے خاتون روسی صحافی کے سر کے بال مونڈھ دیئے جبکہ انگلیاں بھی توڑ ڈالیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق آزاد اخبار نووایا گزیٹا کی صحافی اور انسانی حقوق کی کارکن ایلینا ملاشینا پر عدالتی مقدمے کے فیصلے کی کوریج کے دوران حملہ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے خاتون صحافی کی انگلیاں توڑ دیںجبکہ ان کے سر کے بال بھی کاٹ دیئے۔
حملہ آوروں نے صحافی کے چہرے پر ہرا رنگ بھی پھینکا جبکہ خاتون کے جسم کے دیگر حصوں پر بھی تشدد کے نشانات موجود ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ائیرپورٹ کے باہر خاتون صحافی اور وکیل الیگزینڈر نیموف کی گاڑی روک کر مسلح افراد نے حملہ کیا۔
خاتون صحافی کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ڈرائیور کو گاڑی سے باہر پھینک دیا اور اندر آ کر ہمارے سر نیچے جھکا دیئے، پھر میرے ہاتھ باندھے اور مجھے گھٹنوں کے بل نیچے اتارا اور میرے سر پر بندوق رکھ دی تھی۔
خاتون صحافی کے مطابق حملہ آور بظاہر گھبرائے ہوئے تھے کیونکہ انہیں میرے ہاتھ باندھنے میں پریشانی ہو رہی تھی۔
دوسری جانب رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔