بیجنگ (نیوز ڈیسک) چاند کے قطب جنوبی سے نمونے اکٹھے کرکے زمین پر لانے میں چین کامیاب ہوگیا۔
چینگ ای 6 مشن کا ری انٹری کیپسول اندرونی منگولیا کے خطے Siziwang Banner میں قیمتی سامان کے ساتھ لینڈ کرگیا۔
چاند کے قیمتی نمونوں کے ساتھ زمین پر واپسی چینی خلائی پروگرام کے لیے بہت بڑی پیشرفت ہے۔
یاد رہے کہ 3 مئی کو چینگ ای مشن چاند کی جانب روانہ ہوا تھا اور 2 جون کو چاند کی اس سائیڈ پر اترا جو زمین سے کبھی نظر نہیں آتی۔
مشن کے لینڈر نے چاند کے قطب جنوبی کے شمال مشرقی خطے میں واقع Pole-Aitken Basin پر لینڈ کیا اور 2 دن تک وہاں کی سطح اور چٹانوں سے نمونے جمع کیے۔
بعدازاں ای 6 مشن کے لینڈر نے چاند کی سطح سے پرواز کرکے چاند کے مدار میں موجود آربٹر سے جڑنے میں کامیابی حاصل کی اور زمین کی طرف واپسی کا سفر شروع کیا جو 20 دنوں میں مکمل ہوا۔
چاند کے تاریک حصے سے نمونوں کو زمین پر پہلی بار لایا گیا ہے، اس سے قبل امریکا، سوویت یونین اور چین چاند کی اس سطح سے نمونے اکٹھے کرچکے ہیں جو زمین سے نظر آتی ہے۔
چینگ ای 6 کے ذریعے زمین پر واپس لائے گئے نمونوں سے چاند اور زمین کی ابتدائی تاریخ سے جڑے راز جاننے میں مدد ملے گی۔
ماہرین کے مطابق ان نمونوں سے یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ چاند بننے کا عمل کب شروع ہوا تھا۔
چینگ ای 6 کے بعد چین کی جانب سے چینگ ای 7 روبوٹیک مشن کو چاند کے قطب جنوبی میں بھیجا جائے گا۔
یہ مشن وہاں برف کے آثار دریافت کرے گا جبکہ خطے کے ماحول اور موسم کی جانچ پڑتال بھی کرے گا۔
چینگ ای 8 مشن سے چینگ ای مشنز کا اختتام ہوگا جو وہاں ممکنہ طور پر ریسرچ اسٹیشن کے قیام کے لیے بھیجا جائے گا۔
چین چاند پر ایک انٹرنیشنل ریسرچ بیس بھی قائم کرنا چاہتا ہے جس کے لیے وہ روس کے ساتھ شراکت داری کرے گا اور اس طرح وہاں چینی خلا بازوں کے پہنچنے کا راستہ کھلے گا۔