حیدرآباد (ڈیسک) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک صرف ڈرامہ ہے، عوام ان کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سانگھڑ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان نے قوم سے ہمیشہ جھوٹ بولے جب وہ اقتدار میں تھے تب بھی جھوٹے وعدے کیے اور عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس دیا، ہم نے نہ صرف ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا بلکہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور گرتی معیشت کو سہارا دیا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 2008 میں مشکل حالات اور دنیا بھر میں مہنگائی کے باوجود پیپلز پارٹی نے بی آئی ایس پی پروگرام شروع کیا، اس وقت تک نوے لاکھ خاندان اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر بات کرنا ہوگی، عمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک میں دوبارہ دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے موجودہ حکومت کو کچھ سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک صرف ایک ڈرامہ ہے، ایک طرف جیل بھرو تحریک تو دوسری طرف وہ خود ضمانتیں کروا رہے ہیں، عوام ان کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قدرتی آفات سیلاب یا مہنگائی کی وجہ سے غریب افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں مستحقین کو شفاف طریقے سے مالی امداد کی فراہمی کی جارہی ہے۔
بی آئی ایس پی کے بینظیر تعلیمی وظائف، بے نظیر نشونما پروگرام سمیت دوسرے پروگرامز کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ اس سے قبل وفاقی وزیر شازیہ مری نے سانگھڑ سول اسپتال میں بچوں کے لیے نئے نشونما مرکز کا افتتاح کیا۔