اسلام آباد(ڈیسک)چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے غیر اخلاقی مواداورغیر قانونی چینلزکی ترسیل کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ہفتہ کو چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے پیمرا ریجنل آفس ملتان کا دورہ کیا۔
ریجنل ڈائریکٹر ملتان، فقیر افضل معصوم نے چیئرمین پیمرا کو ملتان ریجن میں کیبل ٹی وی پرانڈین چینلز اور غیر اخلاقی مواد کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں اور ڈیرہ غازی خان میں غیر قانونی ایف ایم ریڈیو سٹیشن کا سامان ضبط کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔ریجنل ڈائریکٹر ملتان نے بریفینگ کے دوران بتایا کہ ریجنل آفس کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر ملتان ریجن کے مختلف شہروں و دیہاتوں میں کام کرنے والے کیبل نیٹ ورکس کی چیکنگ کر رہی ہیں اور غیرقانونی چینلز دکھانے کیلئے استعمال ہونے والے آلات قبضے میں لے رہی ہیں۔مزید براں، یہ تلقین بھی کی جا رہی ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں پیمرا سخت اقدامات کرنے کا مجاز ہو گا اور خلاف ورزی کی صورت میں ادارہ لائسنس کنندگان کے خلاف نہ صرف ایف آئی آر درج کرائے گا بلکہ جاری شدہ لائسنس منسوخ بھی کیا جائے گا۔ چیئرمین پیمرا نے افسران و سٹاف کو ہدایت کی کہ انٹرنیٹ سے لیے گئے چینلز اور مواد کی ترسیل کو روکا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل(آپریشنز ڈسٹری بیوشن) جاوید اقبال، ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز براڈکاسٹ میڈیا/ میڈیاو تعلقاتِ عامہ) محمد طاہر بھی ان کے ہمراہ تھے۔