You are currently viewing چوہدری پرویز الہٰی کی رہائی پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی مبارکباد

چوہدری پرویز الہٰی کی رہائی پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی مبارکباد

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کو رہائی پر مبارکباد دی ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ پرویز الہٰی تقریباً ایک سال جیل میں گزارنے کے بعد گھر پہنچ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور ان کا پورا خاندان بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مضبوطی سےکھڑا رہا۔
قبل ازیں کوٹ لکھپت جیل کی انتظامیہ نے پرویز الٰہی کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خلاف 4کیسز درج تھے، جس میں ضمانت ہونے کے بعد انہیں رہا کیا گیا ہے۔
پرویز الہی کو کچھ عرصہ قبل اڈیالہ سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا، ان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتی سمیت دیگر کیسز تھے۔
ذرائع کے مطابق پرویز الہیٰ جیل سے رہائی کے بعد ظہور حسین پیلس پہنچ گئے ہیں۔
رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ اللہ نے مجھے سرخرو کیا جس پر میں اس کا شکر ادا کرتا ہوں، اللہ پاک نے مجھے حوصلہ دیا کہ میں ثابت قدم رہوں، میں ان ججوں کا مشکور ہوں جنہوں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا اور مجھے رہائی ملی۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مجھے پکڑوانے میں اور میرے ساتھ زیادتی کرنے میں سب سے زیادہ اہم کردار محسن نقوی کا رہا ہے، میں عمران خان کے ساتھ تھا، ہوں اور انشاء اللہ رہوں گا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.