لاہور (ڈیسک) اینٹی کرپشن مقدمہ سے تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ڈسچارج کرنے کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی گئی۔
پرویز الٰہی نے آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے اپیل دائرکی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سنگل بنچ کا فیصلہ حقائق اور قانون کے برعکس ہے، پرویز الٰہی کے وکلا کے قانونی نقاط کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا، جوڈیشل مجسٹریٹ کو کسی بھی ملزم کو ڈسچارج کرنے کا اختیار ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
استدعا کی گئی کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے پرویز الٰہی کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ بحال کیا جائے اور کیس کے فیصلے تک سنگل بنچ کا حکم معطل کیا جائے ۔
قبل ازیں سنگل بنچ نے گوجرانوالہ مقدمہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قراردیا تھا۔
سنگل بنچ نے ٹرائل کورٹ کو دوبارہ کیس سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔