اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرِاطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں باچاخان یونیورسٹی پرحملہ پاکستان پرحملے کے مترادف ہے، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرکے بڑے نقصان سے بچایا ہے، انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران اپنے الفاظ کو احتیاط سے استعمال کرنا چاہیے، ایسا تاثر نہیں دینا چاہیے جیسے کہ دہشت گرد معمول کی زندگی کو یرغمال بناسکتے ہیں۔
وزیرِاطلاعات کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں میں باچاخان یونیورسٹی پر حملے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم مسلسل رابطے میں ہیں اور چارسدہ واقعے سے متعلق معلومات لے رہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت بھی صوبائی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جاسکے۔
پرویز رشید نے دہشت گردوں کے حملے کو پاکستان میں جاری کاموں کو روکنے کی سازش قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کیخلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں، ہم سب کو معمول کے مطابق کام جاری رکھنا ہوگا اور پاکستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھنی ہوگی اور اس حوالے سے ہم سب متحد ہیں۔