لاہور (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئین کی پاسداری کیلئے ہر طرح کی آل پارٹیز کانفرنس میں بیٹھنے کیلئے تیار ہوں۔
کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے صدر سے ملاقات میں انھوں نے کہا کہ الیکشن مقررہ تاریخ سے آگے گئے تو سمجھیں قانون ختم، الیکشن کی تاریخ مافیا کی سیاسی موت ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ میرے قتل کی سازش میں رانا ثناء اللہ کا کلیدی کردار ہے، سازش کے باقی دو کرداروں کے نام پہلے ہی بتا چکا ہوں، میرے قتل کی تحقیقات سبوتاژ کرنے میں تینوں کا اہم کردار ہے، رانا ثناء اللہ بزدل آدمی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ قتل کی دھمکیوں اور ارادے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا، رانا ثناء اللہ وزیر داخلہ نہیں دہشت گرد مافیا کا رکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار 30اپریل کے حساب سے مہم جاری رکھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین کی پاسداری کیلئے ہر طرح کی اےپی سی میں بیٹھنے کو تیار ہوں، پی ڈی ایم سیاسی اتحاد نہیں چوروں کا گروہ ہے، یہ وہی ہیں جن کےمسلح جتھے سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوئے تھے، عدالت عظمیٰ پر الزام تراشی، دباؤمیں لانےکی کوششیں ن لیگ کا پرانا وتیرہ ہے۔