سیالکوٹ (ڈیسک) مسیحی برادری کے شدید احتجاج کے بعد پی ٹی آئی نے سیالکوٹ میں ہونے والے جلسے کا مقام تبدیل کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جلسہ کرنا ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے، جلسہ ہر صورت ہو گا ، سیالکوٹ کے وی آئی پی کرکٹ گرائونڈ میں جلسہ منعقد ہو گا۔ واضح رہے کہ انتظامیہ کے حکم پر پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما عثمان ڈار و دیگر کو گرفتاری کے کچھ دیر بعد رہا کر دیا گیا تھا۔ دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہمارے کارکنوں پر تشدد خواجہ آصف کے کہنے پر کیا گیا، انھوں نے خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف باز آ جائیں ورنہ ان کو گھسیٹ کر ان کا احتساب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کوسی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسہ کرنے سے روک دیا تھا۔ سیالکوٹ کے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کے خلاف مسیحی برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے چئیرنگ کراس مال روڈ کو ٹریفک کے لیے بلاک کیا تھا، مظاہرین نے کہا تھا کہ اجازت نہ ملنے کے باوجود پی ٹی آئی سیالکوٹ میں گرجا گھر گراؤنڈ میں جلسہ کر رہی ہے، جس سے گرجا گھر کا تقدس پامال ہو گا۔