روہڑی (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کی حمایت نہیں کرتی، پی ٹی آئی کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ سیاسی جماعت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے روہڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے کرتوتوں کی خود ذمہ دار ہے، کوئی سیاسی جماعت ڈائیلاگ سے انکاری نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت اپنے ہی اداروں کے خلاف مہم برپا نہیں کرتی، سیاست میں غلیظ زبان کا استعمال پی ٹی آئی ہی کی دین ہے۔ اگر انہیں ہماری مدد درکار ہے تو پہلے انہیں خود کو ایک سیاسی جماعت ثابت کرنا ہوگا، پی ٹی آئی کو جمہوری سیاسی کردار ادا کرنا ہوگا بصورت دیگر یہ مشکل میں رہے گی۔
ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس پر کافی پریشر ڈالا گیا ہے اور امید ہے کہ بچی کو جلد سے جلد بازیاب کیا جائے گا، چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری پر بہت زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے جیسے حالات ہمارے کنٹرول میں آ تے جائیں گے ہم جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ شکار پور سے 10 دنوں کے اندر 8 مغویوں کو بازیاب کرایا جاچکا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں آج سکھر، روہڑی، جیکب آباد، خیرپور اور شکارپور کے ماتمی جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے نکلا ہوں، سکیورٹی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عزاداران کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی، صحت و ہر طرح کی صورتحال کے حوالے سے سارے انتظامات مکمل ہیں، کسی بھی ناگہانی صورت سے نمٹنے کی بھرپور تیاری ہے۔