لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب نے امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد منظوری کے 2روز بعد ایک بار پھر سائفر کا الزام امریکا پر عائد کر دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدت کیس کا فیصلہ چیلنج کر رہے ہیں، مصروفیات کے باعث جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کے عہدے سے استعفیٰ دیا۔
عمر ایوب کا کہنا تھا وزیراعظم نے تسلیم کیا کہ یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، محسن نقوی نے ساڑھے 400 ارب کی گندم درآمد کرائی، حکومت اب کہہ رہی ہے گندم برآمد کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا امریکا نے سائفر کے ذریعے پاکستان میں مداخلت کی۔
یاد رہے کہ 2روز قبل امریکی ایوان نمائندگان نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 8 فروری کے الیکشن میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کے دعوؤں کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔
امریکی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں عوام کو جمہوری عمل میں شرکت سے روکنے کے لیے عوام کو دبانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔
جواب میں گزشتہ روز پاکستان کی قومی اسمبلی نے بھی امریکی قرارداد کی مخالفت میں ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے انتخابات میں کروڑوں پاکستانیوں نے ووٹ دیئے ہیں اور امریکی قرارداد حقائق پر مبنی نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کے خلاف قومی اسمبلی سے منظور ہونے والی قرارداد کی مخالفت کی اور امریکی قرارداد کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا۔