You are currently viewing پی ٹی آئی ریلی ملتوی، حکومت خون خرابہ کر کے انتخابات کا التوا چاہتی ہے، شاہ محمود

پی ٹی آئی ریلی ملتوی، حکومت خون خرابہ کر کے انتخابات کا التوا چاہتی ہے، شاہ محمود

لاہور (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے آج نکالی جانے والی انتخابی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے لاہور میں شیڈولڈ تحریک انصاف کی انتخابی ریلی کے التوا کا اعلان کیا، اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ کارکن حکومت کے جال میں نہ آئیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے دفعہ 144صرف پی ٹی آئی کے لیے لگائی جب کہ لاہور میں دیگر سرگرمیاں اسی طرح جاری ہیں، زمان پارک کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا ہے اور علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ تصادم کی کیفیت پیدا ہو جائے جیسے 8مارچ کو ہوا، ہمارا ایک کارکن شہید کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ جب الیکشن شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے تو پھر دفعہ 144کیسے لگائی جا سکتی ہے، یہ توالیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے کہ انتخابی کمپین سے روکا جا رہا ہے، سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم ان کے ٹریپ میں نہیں آئیں گے۔
پی ٹی آئی کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ 8مارچ کو جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھا، لاٹھی چارج ، گرفتاریاں ، ہمارے کارکن کو شہید کر دیا گیا، آج پھر وہی سب کچھ کا بندوبست کیا گیا ہے، اس لیے ہم نے ریلی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
شاہ محمود نے بتایا کہ عمران خان نے آج ریلی ملتوی کرنے کا کہا ہے جب کہ کل ہم زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی نکالیں گے جس میں عمران خان خود شریک ہوں گے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ہم مشتعل ہوں ، یہ کارروائی کریں، یہاں لاشیں گریں اور ان کو امن و امان کا بہانہ مل جائے اور انتخابات ملتوی کر دیے جائیں۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.