اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت معیشت میں بارودی سرنگیں بچھا کر گئی، ہم ان کے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدہ کو پورا کر رہے ہیں۔
جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں مالیاتی (ترمیمی) بل 2023 پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے اپنے دل کی بھڑاس نکالی، آئین کی اپنی روایات ہیں، ہم سب کی بات سنتے ہیں، مہنگائی سے غریب آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس پر کوئی خوش نہیں ہوتا، آئی ایم ایف کے ساتھ پیٹرول، بجلی کی قیمتوں، اسٹیٹ بینک کے مارک اپ سمیت دیگر امور کا معاہدہ کس نے کیا، ہم نے اس کے خلاف آواز اٹھائی کہ ایسا نہ کریں، معیشت میں بارودی سرنگیں کس نے بچھائیں، اب چار ماہ سے پٹی باندھ کر بیٹھ گئے، یہ جیل بھرو تحریک کی بات کرتے ہیں، انہوں نے جیل سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت کی درخواستیں دیں، جیل غریبوں کے لیے ہے، اسلام آباد کی سیشن عدالت غبن کے مقدمے میں مسلسل طلب کر رہی ہے، یہ مسلسل میڈیکل بھیج رہے ہیں، تماشہ یہ ہے کہ بات اب سپریم کورٹ میں پہنچ گئی ہے، ان کے حلیف ججز سے متعلق ٹیلی فون پر ہدایات دیتے ہیں، آڈیو لیک سے سارے نظام کا نقاب اتر گیا ہے، عدالتوں پر انگلیاں اٹھانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ گزشتہ سال آپ نے معاہدہ کیا، اس معاہدہ سے 840 ارب کا ٹیکہ لگ گیا تھا، ہم یہ 170 ارب روپے تک لے آئے، پرتعیش چیزوں پر ٹیکس لگایا گیا ہے تاکہ غریب آدمی متاثر نہ ہو، ہم نے کوئی شب خون نہیں مارا، آپ کے کرتوتوں کے باعث اتحادیوں نے آپ کاساتھ چھوڑا، آئین کے مطابق صرف اکثریت رکھنے والاہی وزیراعظم بن سکتا ہے، انہوں نے ایک شخص کو بچانے کے لیے پوری اسمبلی تحلیل کر دی، یہ جذباتی تقریریں کر کے اپنے گناہوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کا نعرہ لگانے والے عبوری ضمانت کے لیے منتیں کر رہے ہیں، غریبوں کی زندگی میں آسانی کے لیے ہمیں سنجیدہ سیاست کرنی چاہیے۔