اسلام آباد (ڈیسک) وزارت کھیل نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں مبینہ خورد برد، کروڑوں روپے کی بلٹ پروف گاڑی کی خریداری اور دیگر مالی معاملات پر تحقیقات کا عندیہ دیا ہے،پبلک اکائونٹس کمیٹی ان امور سے متعلق تحقیقات کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے مالی معاملات کے بارے میں پبلک اکائونٹس کمیٹی تحقیقات کا آغاز کرے گی، اس حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سے پوچھ گچھ کی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل، جونیئر لیگ اور بورڈ کے دیگر مالی معاملات میں شفافیت نہیں ہے۔
وفاقی وزیر برائے کھیل احسان الرحمن مرزای نے بھی کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مالی معاملات میں شکوک و شبہات پائے جا تے ہیں۔ تحقیقات کا معاملہ پی اے سی کے سپرد کیا جا رہا ہے، ہر شعبے کا آڈٹ کیا جائے گا، ان لوگوں کی تفصیل سامنے لائی جائے گی جنھوں نے سرکاری خرچ پر بیرونی دورے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں جونیئر لیگ، پی ایس ایل ، بلٹ پروف گاڑی کی خریداری سے متعلق امور کو پرکھا جائے گا ، معاملات کی چھان بین کے بعد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔