لاہور(ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ فائیو کے بقیہ چارمیچوں میں 21 غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت کا اعلان کر دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل کے 4 میچوں میں حصہ لینے کے لیےپاکستان آنے والے کھلاڑیوں میں کیمرون ڈیلپورٹ (کراچی کنگز)، ڈین ویلاز، ڈیوڈ ویزے (لاہور قلندرز)، ریلی روسو، عمران طاہر (ملتان سلطانز) اور ہارڈس ولیجوئن (پشاور زلمی) بھی پی ایس ایل 2020 کا حصہ ہوں گے۔جبکہ جنوبی افریقہ کے فیف ڈیوپلیسی پہلی بار لیگ کا حصہ ہوں گے جو ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ کی جگہ پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔
انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں میں الیکس ہیلز (کراچی کنگز)، جیمز وینس، ایڈم لیتھ، روی بوپ (ملتان سلطانز)، سمت پٹیل (لاہور قلندرز)، اور لیام لیونگ اسٹون (پشاور زلمی) شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے چیڈوک والٹن اور روتھر فورڈ کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے، کارلوس بیتھویٹ اور ڈیرن سیمی پشاور زلمی کا حصہ ہوں گے۔
بنگلہ دیش کے تمیم اقبال لاہور قلندرز اور محموداللہ ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلیں گے، آسٹریلیا بین ڈنک لاہور قلندرز اور نیوزی لینڈ کے مچل مکلینگن کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔
اعلامیےکے مطابق 14 نومبر کو کوالیفائر میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا اور اسی دن پہلے ایلی منیٹر میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
جس کے بعد 15 نومبر کو دوسرے ایلیمنیٹر میں کوالیفائر ہارنے والی ٹیم کا پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم سے مقابلہ ہوگا جبکہ لیگ کا فائنل 17 نومبر کو منعقد ہو گا۔
لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم 14پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کراچی کنگز 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لاہور قلندرز 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
سابق چیمپیئن پشاور زلمی اور دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے یکساں 9 پوائنٹس تھے لیکن بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر زلمی فائنل فور میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی، دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر رہی۔