You are currently viewing پی آئی اے نے کویت کے لیے فلائٹ آپریشن کا دوبارہ آغاز کردیا، ترجمان

پی آئی اے نے کویت کے لیے فلائٹ آپریشن کا دوبارہ آغاز کردیا، ترجمان

اسلام آباد(ڈیسک)پی آئی اے نے کویت کے لئے فلائٹ آپریشن کا دوبارہ آغاز کردیا ہے

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق پاکستانی جہازوں اور پائلٹس پر کویت نے پابندی لگا رکھی تھی۔ پابندی کے باعث قومی ائیرلائن کی پروازیں کویت نہیں جا سکتی تھیں جبکہ کویتی ائیرلائن کی پروازیں پاکستان آرہی تھیں۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی جانب سے معاملہ پہلے سفارتی سطح پر اٹھایا گیا اورحکومت پاکستان اور سول ایوی ایشن کے دباﺅ پر پی آئی اے کو بھی کویت آپریشن کی اجازت مل گئی ہے۔ پی آئی اے اپنے آپریشن کا آغاز ہفتہ وار دو پروازوں سےکررہا ہے۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ائیر مارشل ارشد ملک نے اس اقدام پر وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان، سیکٹری ایوی ایشن اور سول ایوی ایشن حکام کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ ایئر مارشل ارشد ملک نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزارت خارجہ، کویت میں پاکستانی سفیر اور پاکستان میں کویتی سفیر کی خصوصی کاوشوں سے آپریشن ترتیب دینے میں مدد ملی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے پوری جانفشانی سے پاکستانی شہریوں کی مدد اور خدمت جاری رکھے گی۔