اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر شازیہ مری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 95 ویں سالگرہ کے موقع پر جیالوں اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
شازیہ مری نے بیان میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی عوام اور جمہوریت کے استحکام کیلیے خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، قائد عوام نے ملک کے عوام کو اپنے حقوق کے حصول اور ظلم کیخلاف بات کرنے کی طاقت دی، شہید قائد عوام نے اپنے دور کے بدترین آمروں کے خلاف عوام اور آئین کی بالادستی کی خاطر بہادری سے مقابلہ کیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قائد عوام کے نظریات اور مشن کو بہادری سے آگے بڑھایا، انھوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن پر گامزن ہیں، پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل کے لیے ہمیشہ جدوجہد جاری رکھے گی۔